
امریکی ایوان نمائندگان میں اسپیکر کے خالی عہدے کیلئے ریپبلکنز نے رکن اسمبلی جم جارڈن کو اپنا امیدوار منتخب کر لیا۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ریپبلکنز پارٹی میں اسپیکر کے عہدے کی نامزدگیوں کیلئے کرائے گئے ووٹ میں جارجیا کے رکن پارلیمان آسٹن اسکاٹ کے مقابلے میں جم جارڈن پارٹی اراکین کا ووٹ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
اسپیکر کے عہدے کی نامزدگی حاصل کرنے کیلئے جم جارڈن نے اپنے مخالف امیدوار پر 81-124 ووٹوں سے برتری حاصل کی۔
یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ریپبلکنز اراکین مک کارتھی سے سخت ناراض تھے اور ان کے خلاف قرارداد پیش کردی گئی تھی۔
ریپبلکنز ارکان کی جانب سے میکارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر ایوان نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے اسپیکر کو فارغ کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دیا، ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا تھا جب الیکشن کو محض ایک سال باقی رہ گیا ہے۔