اسرائیلی وزیر اعظم کے جنگ کو اگلے مرحلے میں لے جانے کے اعلان کے بعد موساد کے سابق سربراہ نے اسرائیل کو غزہ میں زمینی آپریشن سے خبردار کردیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جنگ کے اگلے مرحلے کا وقت آپہنچا ہے جس پر موساد کے سابق سربراہ نے انہیں خبردار کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔
ایک روزمیں 400 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد اسرائیل نےغزہ پر بری، فضائی اور بحری حملوں کی بھی تیاری کرلی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ ہفتے اسرائیل پر حملے کی کمان کرنے والے حماس کے کمانڈرعلی قادی کوشہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے 4 غیرملکیوں سمیت 9 یرغمالی ہلاک ہوگئے ہیں، اسرائیلی بمباری سے بندرگاہ کو بھی نقصان۔
ادھر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 4 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زائد پانی سے محروم ہیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپ اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے شام کے سرحدی علاقے پر بھی توپوں سے حملے اور حلب ائیرپورٹ کے چند روز قبل اسرائیلی بمباری کے بعد نوتعمیر شدہ رن وے پر بمباری کرکے اسے دوبارہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیل فلسطین لڑائی کے دوران اب تک ہلاک امریکی شہریوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے جبکہ اسرائیلیوں کے ہاتھوں قتل عام سے شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریبا 3 ہزار ہوگئی ہے۔