غزہ پٹی میں غاصب اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 352 فلسطینی شہید
فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 37 بار سے زیادہ غزہ پر بمباری کی گئی ہے جس میں 352 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
بمباری میں 669 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ غزہ پر غاصب فوج کی بمباری کے نتیجے میں 1400 فلسطینی لاپتہ ہوگئے ہیں جن میں 720 بچے شامل ہیں۔
غزہ پر صیہونی حکومت کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4137 ہوگئی ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہيں۔
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی صیہونیوں کی بمباری سے اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 70 فیصد خواتین، بچے اور بزرگ ہیں۔
غزہ میں ڈاکٹرز، ایندھن کی قلت کی وجہ سے موبائل فون کی روشنی میں آپریشن کر رہے ہیں، ڈاکٹرز یہاں تک کہ مریضوں کا آپریشن بے ہوش کیے بغیر کر رہے ہیں اور زخموں کے علاج کےلیے سرکہ استعمال کر رہے ہیں۔