غزہ کے شہری اس جنگ کو فیصلہ کن معرکہ سمجھیں، فتح ہماری ہوگی: حماس ترجمان

0 103

 

حماس کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے اسرائیل کی جارحیت اور قتل وغارت گری ہولو کاسٹ سے کہیں بڑھ کر ہے، غزہ کے شہری اس جنگ کو فیصلہ کن معرکہ سمجھیں اور ہمارے ساتھ اٹھیں۔

ایک بیان میں حماس ترجمان ابوعبیدہ نے کہا کہ دشمن روز زمینی کارروائیوں کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ہم بھی انتظار میں ہیں کہ دشمن کو نئی قسم کی موت کا مزہ چکھائیں، ہمارے لوگوں کو یقین رکھنا چاہیے کہ فتح ہماری ہوگی۔

حماس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حماس کی جانب سے جوابی کارروائیاں جاری ہیں، القسام بریگیڈ کے حملے میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند تباہ کردی گئی۔ادھر حزب اللہ کے بھی اسرائیلی فوجیوں پرحملے جاری ہیں جس میں فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔

دوسری جانب حماس کے سینیئر عہدیدار علی براکہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے رات بھر غزہ پر زمینی حملے اور بمباری کی تاہم غزہ پر اسرائیلی فوج کا تین طرفہ زمینی حملہ ناکام ہو گیا۔علی براکہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر حملے میں دشمن کو فوجیوں اور سامان کے لحاظ سے بھاری نقصان ہوا، دشمن کئی محاذوں پر فلسطینی مزاحمت کے تیار کردہ جال میں پھنس گیا ہے۔

حماس کے عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی حملے پسپا کرنے کیلئے روسی ساختہ ٹینک شکن میزائل اور مقامی طور پر تیار یاسین میزائل استعمال کیے گئے، اسرائیلی فوج نے ہیلی کاپٹروں سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شمالی غزہ میں گزشتہ رات کو داخل ہونے والی اسرائیلی فوجی اب بھی موجود ہے، فلسطینی انکلیوو میں فوجی کارروائیوں میں توسیع کی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.