حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس پشاور میں منعقد ہوئی ، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگران صوبائی وزراءسے ان کے عہدوں کا حلف لیا، نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی موجود تھے۔
بحیثیت نگران صوبائی وزیر حلف اٹھانے والوں میں سید مسعود شاہ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان اور سید عامر عبداللہ شامل ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ نگران وزیر اعلیٰ کی سیکرٹریٹ آمد پر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نگران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف لیا تھا اور اب انہوں نے صوبے کے معاملات چلانے کے لیے 10 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی جس کی سمری پر گورنر خیبر پختونخوا نے دستخط بھی کر دیے تھے۔