غزہ میں صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری جاری ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی

0 217

غزہ میں صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صیہونی فورسز کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری صیہونی جارحیت سے 4 ہزار 630 سے زائد بچےاور 3 ہزار 130 سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی بمباری سے مجموعی طور پر شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی ہے، 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی بمباری سے 29 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صیہونی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ صیہونی بمباری سے 41 ہزار 120 رہائشی املاک تباہ ہوئیں، بمباری سے 94 سرکاری عمارتیں تباہ اور 71 مساجد بھی شہید ہوئیں جبکہ بمباری سے 253 اسکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔

فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسکول کے 3 ہزار 117 طلبا شہید ہوئے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی24 طلبا شہید کیے گئے۔

جنوبی لبنان سے اسرائیلی علاقوں پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان سے صیہونی علاقوں پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا گیا، داغے گئے متعدد میزائل کفرشو باڈسٹرکٹ کے علاقے رویسات العلم میں گرے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے جنوبی لبنان کے سرحدی ٹاؤنز مرکبا اور حولا پر جوابی بمباری کی۔

مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کی کارروائیاں جاری

مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، صیہونی فورسز نے طولکرم کیمپ میں ایمبولنس کو گھیرے میں لے لیا۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق صیہونی فورسز نے ایمبولنس میں موجود زخمی کو گرفتار کرلیا جبکہ طولکرم کیمپ کے اطراف انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایمبولینسوں کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔

الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین

غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کر دی گئی۔

غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابوسلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال میں موجود 179 لاشوں کو اسپتال کے کمپاؤنڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈائریکٹر اسپتال ابوسلمیہ نے کہا کہ شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.