مہنگائی، غربت،بیروزگاری کا حل ہمارے پاس ، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول

0 103

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاستدانوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ، آصف زرداری نے جمہوریت بحال کی،آمر مشرف کو بھگایا، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ دے کر صوبوں کو با اختیار بنایا ۔

عوام کو یاد دلانا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے، ، شہید ذو الفقار بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، قائد عوام نے عوام کے لیے جدوجہد کی ، شہید محترمہ 30 سال تک عوام کیلئے جدوجہد کرتی رہیں، 2 آمروں سے ٹکرائیں ،بے نظیر بھٹو نے اس ملک کی خاطر شہادت بھی قبول کی لیکن کبھی پیچھے نہیں ہٹیں۔

معاشی بحران کی وجہ سے تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روز گاری ہے، ہم مل کر پاکستان کو تمام مسائل سے نکالیں گے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن وہی پرانی سیاست ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا، نئی سیاست سے ہم ان مسائل سے نکل سکیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم باقی سیاسی جماعتوں کو کہتے ہیں کہ آپ بھی عوام پر بھروسہ کریں، سیاست اور منشور پر بھروسہ کریں، دائیں بائیں نہ دیکھیں، عوام کو دیکھیں ، اگر ایک بار پھر کسی کو مسلط کیاجاتا ہے، تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے، عوام نے پہلے بھی سلیکٹڈ راج بھگتا ہے ، اب عوام سلیکٹڈ راج قبول نہیں کریں گے۔

آج بھی ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اورمکان ہے، ہمیں کہا جاتا ہے یہ توپرانے نعرے ہیں، نیا نعرہ لےکرآنا چاہیے، آج بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ہمارا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہی رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.