فلسطینیوں کا قتل عام، دلبرداشتہ شخص کا پیرس میں چاقو اور ہتھوڑی سے حملہ، جرمن سیاح ہلاک

0 232

غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام سے دلبرداشتہ شخص نے پیرس میں چاقو اور ہتھوڑی سے حملہ کرکے جرمن سیاح کو ہلاک اور برطانوی شہری سمیت دو افراد کو شدید زخمی کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیرس میں چاقو اور ہتھوڑی سے حملہ کرنے والے ملزم کی تاریخ پیدائش 1997 ہے جسے گرفتارکر لیا گیا ہے، حملہ آور کا نام مقامی میڈیا نے ارمند آر بتایا ہے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملزم کو ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کرنے پر 2016 میں پہلے ہی چار سال قید کی سزا ہو چکی ہے، ملزم انتہاپسند تھا، اس کی مسلسل نگرانی کی جانی چاہیے تھی۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملزم نفسیاتی مریض تھا،غزہ جنگ میں فلسطینیوں کی موت پر دلبرداشتہ تھا۔

اس حوالے سے فرانسیسی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فرانس دہشتگردوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا جبکہ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی پراسیکیوٹرز حملے کی تحقیقات کریں گے۔

واضح رہے کہ غزہ میں حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جاری لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد صیہونی فوج نے 400 سے زائد حملے کرکے 300 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک ہونے والے صیہونی حملوں میں 60 فیصد مکانات اور رہائشی یونٹ تباہ ہو چکے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.