پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نواز شریف کی بریت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی عدالت سے بریت انصاف کے تابوت میں آخری کیل ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ لندن پلان کے تحت نواز شریف نے اپنی عزت گروی رکھ کر بریت حاصل کی، مجرم کی بریت احتساب کے چہرے پر سیاہ دھبّہ ہے۔
چور ٹبر کی لوٹ مار کل کی طرح آج بھی ایک حقیقت ہے، مدعی چوروں کے سرپرستوں کے قابو میں آکر مقدمے سے بھاگ گیا، مہنگی جائیدادیں موجود ہیں مگر چور رسیدیں پیش کرنے میں ناکام ہیں، اس بریت کا جواب عوام 8 فروری کو ووٹ کی پرچی سے دیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا تھا۔
عدالت نے العزیزیہ ریفرنس واپس احتساب عدالت کو بھیجنے کی استدعا مسترد کی اور پھر نواز شریف کو کیس سے با عزت بری کر دیا۔
یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سز اسنائی تھی۔
علاوہ ازیں 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا جبکہ اب العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بھی مسلم لیگ ن کے قائد کو بری کردیا گیا ہے۔