پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو نشانہ بنانے کیلئے عدلیہ کا استعمال بند ہونا چاہیے، یہ سائیکل اب ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے نجی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ جہاں تک نواز شریف کا تعلق ہے وہ سزا یافتہ تھے، ان کے خلاف مقدمات نیب نے واپس لے لیے۔
عدت کیس کے بارے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے انھیں کم توقع ہوتی ہے، سپریم کورٹ سے ریلیف مل جائے گا، ملزمان دو تھے اس لیے وہ مزید وکیل لانا چاہ رہے تھے۔
بلاول کی طرف سے پی ٹی آئی کے نئے لوگوں کو پلانٹڈ کہنے پر گوہر خان نے کہا کہ بلاول خود ایک پارٹی کے لیڈر ہیں اور دوسری پارٹی کے نشان پر الیکشن لڑتے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل نہیں ہوا، انہیں سزا سنا دی گئی، وہ اس سزا کو چیلنج کریں گے، تاہم جب تک تحریری فیصلہ نہیں آتا اپیل دائر نہیں کرسکتے۔
سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفیٰ رمدے نے کہا کہ نواز شریف اور بانی تحریک انصاف کی سزا میں فرق ہے، بانی پی ٹی آئی کے پاس ٹھوس دفاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سائفر کیس میں بھی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔