کراچی: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹشن کونسل کے تحت پاکستان اسٹیل کی اراضی پر جدید ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کی تجویز سے سندھ کی نگران حکومت نے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے چیف سیکریٹری سندھ کو ارسال کردہ مراسلے میں اراضی پر جدید ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کے لیے تحریری طور پر باضابطہ منظوری کا خط طلب کرلیا ہے۔
28دسمبر کو کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر صنعت و تجارت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اسٹیل کی اراضی پر جدید ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت سے سندھ حکومت کو باضابطہ خط لکھنے کا کہا جس میں پاکستان اسٹیل کی زمین پر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کی تجویز پر سندھ حکومت سے رضامندی لی جائے۔
اس خط کے جواب میں پاکستان اسٹیل کی اراضی پر پراسیسنگ زون کے قیام کیلیے سندھ حکومت کی رضامندی کی بھی یقین دہانی کرائی۔
اس ضمن میں وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے سندھ حکومت کو 31جنوری 2024 کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے سندھ حکومت کی باضابطہ رضامندی مانگ لی ہے۔
پاکستان اسٹیل کے پلانٹ کے لیے اس وقت 10ہزار ایکڑ سے زائد کا رقبہ مخصوص ہے، اراضی پر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کی تجویز پر پاکستان اسٹیک ہولڈر گروپ نے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے اس تجویز پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔