پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے مردان کے ووٹرز اور پی ٹی آئی کارکنان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے عوام نے مشکل ترین مہم میں 1 لاکھ سے زیادہ ووٹ دے کر 68 ہزار کی لیڈ سے جتوایا۔
مشکل حالات میں صرف 14 دن کی مہم میں 100 سے زائد جلسے کیے، میں مردان کے غیورعوام اور پی ٹی آئی کارکنان کا بے حد مشکور ہوں۔
این اے 23 مردان کے مد مقابل امیدوار میرے لیے قابل احترام بھائی ہیں، دیگرجماعتوں کے کارکن بھی میرے چھوٹے بھائی ہیں، الیکشن ہوگیا اور ایک جمہوری عمل مکمل ہوا، علاقہ کی ترقی کیلئے ہمیشہ دوستی اور تعاون کا ہاتھ بڑھاؤں گا۔
علاقے کی ترقی میں دیگر جماعتوں کی رائے کی قدر کروں گا، میرے حجرے اور میرے دل کے دروازے آپ کو ہمیشہ کھلے ملیں گے، مل کر مردان شہر کو ترقی اور اخلاق کا گہوارا بنائیں گے۔