وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مریم نواز شریف کو عہدہ سنبھا لنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں کل ہونے والے صدارتی الیکشن پرمشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج میں آپ سب سے اپنے والد کیلئے ووٹ مانگنے آیا ہوں۔
آصف زرداری آپ کا ایسے ہی خیال رکھیں گے جیسا میرا رکھتے ہیں، آصف زرداری سب سے ایسےہی ملتے ہیں جیسے اپنی پارٹی کے نمائندہ سے ملتے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ صدر کا عہدہ وفاق کی نمائندگی کرتا ہے، ایک مخصوص جماعت نے تقسیم پیدا کی، اس مسئلہ کو ہم نے حل کرنا ہے، کبھی پاکستان کی سیاست اور ثقافت ایسی نہیں رہی۔
آگے بڑھیں نفرت اور سیاست کی تقسیم کو دفن کریں، ایسا راستہ نکالیں کہ معاشرہ ترقی کرنا شروع کرے، وفاق اور چاروں صوبے مل کر آگے چلیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ بلاول ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو بھی ن لیگ کا ووٹ زرداری کے لیے ہی تھا ، آصف زرداری ہی صدارتی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار ہیں۔
مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ کوئی جماعت اکیلے حل نہیں کرسکتی، ہم سب مل کر بیٹھیں گے، ہمارا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے، آج مجھے محترمہ فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو شہید کی یاد آرہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ آصف زرداری کا لوگوں سے اچھا ملنا جلنا ہے، ان کا میرے ساتھ بھی اچھا تعلق ہے،واضح رہے کہ صدر مملکت کے لیے انتخاب کل ہوگا، ایوان صدر میں نومنتخب صدر مملکت کی حلف برداری کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔