صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے 5 ماہ سے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری جنگ میں اہداف حاصل نہ کرنے کا اعتراف کرلیا۔
صیہونی وزیراعظم ڈھٹائی پر قائم ہیں اور ماہ رمضان میں بھی جنگ بندی کا بین الاقوامی دباؤپھر مستردکردیا۔
صیہونی جنگی کابینہ نے غزہ میں رفح آپریشن کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر بیان میں صیہونی وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ کے مصر سے متصل علاقے رفح میں فوجی آپریشن کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ حماس کا خاتمہ اور صیہونی مغویوں کی رہائی چاہتے ہیں، صیہونی حکومت پربین الاقوامی دباؤبڑھ رہاہے لیکن تمام مقاصدحاصل کیے بغیر جنگ روکنے کا مطلب صیہونی شکست ہے۔
نتین یاہو نے انوکھی منطق پیش کی اور کہا کہ صیہونی حکومت کے بجائےحماس اور اس کے سرپرست ایران پر دباؤ ڈالیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ امریکا صیہونی حکومت میں قیادت کی تبدیلی کیلئے نئے انتخابات کیلئے دباؤ بڑھا رہا ہے، نئے انتخابات کا اعلان صیہونی حکومت کو مفلوج کردے گا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں ماہ مقدس میں بھی صیہونی جارحیت جاری ہے اور اب تک 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔