صیہونی  فوج کے غزہ میں نصیرات کیمپ پر حملے، مسجد میں لوگوں کے گروپ پر ڈرون داغ دیا

0 174

 

صیہونی فوج نے غزہ میں نصیرات کیمپ پر حملے  کیے جبکہ مسجد میں لوگوں کے گروپ پر ڈرون حملہ اور  دیگر علاقوں پر بھی بمباری کی ہے۔

 

صیہونی حکومت کی جانب سے  مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کے شمال میں لوگوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنانے والے صیہونی ڈرونز کی بمباری سے کم از کم دو فلسطینی شہید ہو گئے ۔

 

یہ حملہ نصیرات کے شمال میں ارد المفتی کے علاقے میں واقع حسن البنا مسجد پر کیا گیا۔

 

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صیہونی فوج کی جانب سے حملوں میں مزید 68 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔

 

ادھر بے گھر فلسطینی خاندانوں کی شمالی غزہ میں اپنے گھروں کو واپسی کی کوشش جاری ہے لیکن تباہ شدہ مکانات دیکھ کر اپنی رہائشگاہیں تلاش کرنے میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

 

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو وارننگ  دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی غزہ خطرناک جنگی میدان ہے اور ساتھ ہی شمالی غزہ واپس جانے والے لوگوں پر صیہونی فوج کی جانب سےفائرنگ کی گئی۔

 

فلسطینی وزارت صحت کا بتانا ہے کہ غزہ میں اب تک ساڑھے 33 ہزار سے زائد افراد شہید اور 76094 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ ملبے میں دبے ہوئے افراد کی تعداد 2367 ہے۔

 

مزید برآں غزہ میں غذائی قلت سے اب تک بچوں سمیت 28 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

 

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.