فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی تاجر دوست اسکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن میں مکمل ناکامی کے بعد تاریخ میں توسیع کا امکان ہے، توسیع کا فیصلہ چیئرمین ایف بی آر وزیراعظم کی مشاورت کے بعد کریں گے۔
گزشتہ روز تک اس سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن کی تعداد 200 سے بھی کم رہی جبکہ ایف بی آر کا 5 بڑے شہروں سے 31 لاکھ تاجروں کی رجسٹریشن کا ہدف تھا،تاجر دوست اسکیم میں رجسٹریشن کا آج آخری روز تھا، اس اسکیم میں کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اوراسلام آباد میں تاجروں کو رجسٹریشن کی سہولت دی گئی تھی۔
تاجر دوست اسکیم کا اطلاق تاجروں اور دکانداروں پر کیا گیا ہے اور تاجروں اور دکانداروں کیلئےکم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200روپے مقرر کیا گیا،ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی کی ڈیڈ لائن 15جولائی 2024 مقرر کی گئی ہے۔
اسکیم کے تحت 15 جولائی کے بعد ہر ماہ کی 15 تاریخ کو وصولی ہوگی جبکہ تاجروں کو پورے سال کا ٹیکس یکمشت ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت بھی دی گئی ہے،تاجروں کو سال 2023 کے گوشوارے جمع کرانے پر بھی 25 فیصد رعایت کی سہولت دی گئی۔
اس اسکیم کا اطلاق چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچررز کم ریٹیلرز ، امپورٹر کم ریٹیلرز پر کیا گیا۔ اسکیم کا اطلاق قومی سطح یا بین الاقوامی چین کے ریسٹورنٹ پر نہیں کیا گیا۔