مذہبی آزادی کی رپورٹ ، پاکستان نے امریکی دعووں کو مسترد کردیا

خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات بارے غلط رپورٹنگ بے معنی اور غیر ذمہ دارانہ ہے،دفتر خارجہ

0 58

اسلام آباد (شوریٰ نیوز)پاکستان نے مذہبی آزادی کی رپورٹ میں پاکستان بارے بے بنیاد دعووں کو مسترد کردیا دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بین الاقوامی مذہبی آزادی کی رپورٹ میں پاکستان کے متعلق بے بنیاد دعووں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات کے بارے میں اس طرح کی غلط رپورٹنگ بے معنی اور غیر ذمہ دارانہ ہے جن سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں اپنے مذہبی تنوع اور سماجی اقدار پر فخر ہے۔ پاکستان کا آئین، تمام پاکستانیوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ اور ان کے عقیدے سے قطع نظر ان کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر قانونی، پالیسی اور مثبت اقدامات کے لیے ایک مضبوط فریم ورک متعین کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حقوق اور آئینی ضمانتیں ایک آزاد عدلیہ کے ذریعہ محفوظ اور برقرار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہر ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے مذہبی حقوق اور آزادیوں کو فروغ اور تحفظ فراہم کرے، پاکستان نے مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے اہم سوال پر باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعمیری تعاون کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بشمول امریکہ اپنی بات چیت میں مسلم مخالف نفرت، نسل پرستی اور اسلامو فوبیا میں مسلسل اضافے کے بارے میں سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مذہبی عدم برداشت، امتیازی سلوک اور اسلامو فوبیا کی ان خطرناک اشکال کا مقابلہ کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.