شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے سوگ اور غزہ کے عوام کی حمایت میں یمنی عوام کا ملین مارچ

0 108

یمن کے عوام نے ملک کے مختلف صوبوں میں جمعے کوایران کے صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے سوگ اور غزہ کے عوام کی حمایت میں ملین مارچ نکالا

یمنی میڈیا کے مطابق جمعے کو یمنی عوام نے ملک کے مختلف صوبوں میں اپنے ملین مارچ میں فلسطین اورغزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہید وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللّہیان کی خدمات کو یاد کیا اور رہبرانقلاب اسلامی، ایران کی حکومت اور عوام کو اس اندوہناک سانحے پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ایرانی عوام کے اس غم میں شریک ہیں-

اس رپورٹ کے مطابق یمن کے عوام نے غزہ کے عوام کی حمایت میں ہفتہ وار مارچ میں ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔ یمنی عوام نے اپنے ملین مارچ میں اعلان کیا کہ وہ غزہ کے عوام کے ساتھ ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں اور جہاد جاری ہے۔

صنعا اور صعدہ سمیت مختلف یمنی صوبوں میں نکالے جانے والے ملین مارچ میں یمنی عوام نے غزہ کے عوام کی حمایت میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف یمن کی مسلح افواج کی کارروائیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ غزہ پر حملے بند ہونے اوراس کا محاصرہ ختم ہونے تک یہ حملے جاری رکھے جائيں۔

یمنی عوام کے ملین مارچ کے اختتامی بیان میں غاصب صہیونی حکومت کے خلاف فلسطین، لبنان اور عراق کے استقامتی محاذ کی کارروائيوں کی قدردانی بھی کی گئی ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی سریع نے کہا کہ ہم ایک بارپھران تمام شپنگ کمپنیوں کو جو صیہونی حکومت کے لئے کام کرتی ہیں، خبردار کرتے ہیں کہ ان کے بحری جہازوں کو چاہے وہ جہاں بھی جا رہے ہوں، آپریشن کے علاقے میں نشانہ بنایا جائے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.