حزب اللہ لبنان کا 150 راکٹ اور ڈرون طیاروں سے حملہ
اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ لبنان نے ان علاقوں کو کم از کم 30 ڈرونز اور 100 راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صفد کے علاقے اور مقبوضہ جولان کے جنوبی علاقے کتسرین کو نشانہ بنایا ہے۔
جولان اور صفا کے وارننگ سائرن بجنے لگے جو خبر لکھے جانے تک جاری رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کتسرین میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان علاقوں میں قابض فوج کے فضائی دفاعی سسٹم کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ صفد اور مقبوضہ جولان میں تمام فوجی اڈوں پر حزب اللہ لبنان کے اینٹی آرمر ڈرونز، راکٹوں اور میزائلوں سے شدید حملے کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں پر 150 سے زائد راکٹ، میزائل اور ڈرون فائر کیے گئے جبکہ جولان اور الجلیل کی 15 جگہوں پر حملوں کی وجہ سے آگ لگ گئی۔
صیہونی آرمی ریڈیو نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اس حملے کے دوران الجلیل میں واقع یروون قصبے کی ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔