وزیر داخلہ کی فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ایف سی کے کردار کی تعریف

0 113

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کےدورے کے دوران فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئےیادگار شہدا پر حاضری دی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کے ساتھ انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وفاقی وزیر کی زیر صدارت فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس بھی ہوا جہاں انہیں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز، انسداد اسمگلنگ کارروائیوں اور پیشہ ورانہ کارکردگی پربریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیرداخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 4 ارب 70 کروڑ روپے کی غیر قانونی اشیاء کو ضبط کیا گیا، وزیرداخلہ نے بلوچستان میں قیام امن اور انسداد اسمگلنگ کے لیے فرنٹیئرکور ساؤتھ کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہفتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ایف سی ساؤتھ فرنٹ لائن پر ہے، فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں امن کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں، فرنٹیئرکور ساؤتھ بلوچستان میں قیام امن کے لیے ہر اول دستےکاکردار ادا کر رہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ فرنٹیئر کور ساؤتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے، ایف سی ساؤتھ کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت ہے اور بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.