اسرائیل کے جنوبی لبنان کے متعدد شہروں پر فضائی حملے، 8 افراد شہید
اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان کے متعدد شہروں پر کیے گئے فضائی حملوں میں 8 افراد شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے متعدد شہروں میں کیے گئے حملوں میں حزب اللہ کے ایک سیل کو نشانہ بنایا گیا۔
ان فضائی حملوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید ہوئے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر متعدد راکٹوں اور ڈرونز سے حملے کیے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آباد کار بستیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
ادھر یمن کے حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں یونانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔
حوثی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں میں داخلے پر پابندی کی خلاف ورزی پر جہاز کو نشانہ بنایا ۔
اس کے علاوہ غزہ میں جارحانہ کارروائیوں کے دوران صیہونی فوج نے مسجد میں گھس کر قرآن پاک کے نسخے نذر آتش کردیے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں قرآن پاک کی توہین پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں7 اکتوبر 2023 سے اب تک 40 ہزار 300 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ 93 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔