صیہونی حکومت نے لبنان کے وزیر اطلاعات کو دھمکی دی ہے

0 109

میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے لبنان کے وزیر اطلاعات کو دھمکی دی ہے

لبنان کے وزیر اطلاعات کے مشیر مصباح العلی نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات زیاد المکاری کے دفتر کو صوتی پیغام کی صورت میں دھمکی ملی ہے کہ یہ دفتر خالی کردیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ لبنان کے سرکاری ذرائع بین الاقوامی حلقوں میں اسرائیلی حکومت کی دھمکیوں کا جواب دیں گے کیونکہ کسی سرکاری عمارت کو دھمکی دینے کا خاص مطلب ہوتا ہے۔

لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی آج پیر کو رپورٹ دی ہے کہ بیروت کے بعض علاقوں میں عام شہریوں کو اسرائیلی دشمن کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات مل رہے ہیں جن میں ان سے کہا جا رہا ہے کہ اپنی رہائشگاہ کو فورا خالی کردیں۔

میڈیا ذرائع نے صیہونی حکومت کی ان دھمکیوں کو نفسیاتی جنگ قرار دیا ہے۔

صیہونی روزنامے اسرائیل ہیوم نے بھی آج پیر کو رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت نے ریڈیو لبنان کو ہیک کرلیا ہے اور اس کے ذریعے جنوبی لبنان کے باشندوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ اگر وہ حزب اللہ کے فوجیوں کے قریب رہتے ہیں تو فورا اپنی رہائشگاہ چھوڑ دیں۔

لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بھی آج پیر کو اپنے ملک کے خلاف صیہونی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم آگ سے کھیل رہے ہیں اور لبنان نیز پورے علاقے کو یک بڑی جنگ میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔

نبیہ بری نے کہا کہ ہے کہ بنیامن نتن یاہو جنوبی لبنان کے سرسبز و شاداب علاقوں کو فاسفورس بموں سے برباد کرکے ناقابل رہائش بنا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں لبنان کے عام شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور سن رسیدہ افراد نیز محکمہ صحت کے کارکنوں کی شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور اس سمت میں آگے بھی نہیں بڑھ رہے ہیں لیکن اپنی زندگی اور اپنی توانائیوں نیز وسائل کے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.