بھارت: حیدرآباد ایئرپورٹ پر 6 طیاروں میں بم کی اطلاع

0 55

بھارت میں حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 6 مسافر طیاروں کو دھمکی آمیز فون کالز ملنے کے بعد سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز کالز کا یہ واقعہ بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کا سبب بنا جس میں مختلف ایئرلائنز کے سو سے زائد طیاروں کی تلاشی لی گئی۔

حیدرآباد ایئرپورٹ کے حکام نے دھمکی آمیز فون کال کے بعد فوری طور پر حفاظتی اقدامات کئے۔ مسافروں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ کی مختلف جگہوں کی بھی تلاشی لی گئی۔

حیدرآباد ایئرپورٹ حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ اس حوالے سے پتہ لگایا جاسکے کہ یہ فون کالز کس نے کئے اور ان کا مقصد کیا تھا۔

اس صورتحال میں ایئرپورٹ کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور مسافروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کوئی بھی مشکوک سرگرمی فوری طور پر رپورٹ کریں۔

اس سے قبل احمد آباد سے لندن جانے والے بھارتی مسافر طیارے میں بم کی اطلاع پر احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق احمد بھارتی شہر احمد آباد سے لندن جانے والے انڈین مسافر طیارے میں بم کی اطلاع کے بعد بھارت میں سراسمیگی پھیل گئی۔

احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کراچی ریجن ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا جس کے بعد پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بھارتی کپتان سے ریڈیو کمیونیکیشن کی۔

بھارتی طیارے کے کپتان نے کہا کہ میں پرواز کو ہینڈل کر لوں گا اور جہاز کو اس کی منزل لندن ہی اتاروں گا۔

اس کے بعد کراچی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے انٹرنیشنل ایوی ایشن قوانین کے تحت کپتان کی رہنمائی کرتے ہوئے اس کو پاکستانی حدود سے گزارا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ بھارت کے کئی طیاروں میں بم رکھے جانے کی افواہیں پھیلائی گئی ہیں جس کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسیاں بھی حرکت میں آگئیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.