ریلوے ملازمین کا ملک گیر یوم احتجاج
فیصل آباد میں بھی ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی ریلی کا انعقاد
اسلام آباد(شوریٰ نیوز ) ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی، ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل نہ کئے جانے کے خلاف ریلوے پریم یونین کے ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلہ میں فیصل آبادمیں بھی ریلوے ملازمین نے مرکزی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری، ڈویژنل نائب صدر ظہیرالدین بابر،زونل صدر محمد آصف جاوید ،بائوطاہر،محمدطلحہ،بابر نواز،ساجدعمران،نورالدین،یونس بٹ ،انورلودھی و دیگر کی قیادت میں ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں بٹ نے ریلوے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی طور پر ریلی میں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔ریلی کے اختتام پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ایک لاکھ ریلوے ملازمین اور ان کے خاندان عید کی خوشیاں منانے سے محروم رہنے پر مجبور ہیں تو دوسری طرف موجودہ اور سابق چیئرمین سینٹ کیلئے پاس کی جانے والی مراعات قرضوں میں ڈوبے ملک کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ کے مترادف ہے، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں ،دن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں جس کے ذمہ دار خود حکمران ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سیلاب کی وجہ سے ٹرین آپریشن میں شدید کمی آئی ہے جس کی وجہ سے ریلوے کی آمدن میں شدید کمی واقع ہورہی ہے جس سے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بھی متاثر ہورہی ہے ،حکومت اس طرف بھی فوری طور پر توجہ دے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹی ایل اے ملازمین کو فوری طور پرمستقل کیاجائے۔ ریلوے میں فوری طور پر ہندرہ ہزار سے زائد خالی آسامیوں پرٹی ایل اے ملازمین اور حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کوملازمتیں دی جائیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے