7 ماہ کا مغوی بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب
سٹیز اور قلعہ گجر سنگھ پولیس نےسبحان نامی بچہ بازیاب کروایا
لاہور (آن لائن) لاہور پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی نے مشترکہ کامیاب آپریشن کر کے 7 ماہ کا مغوی بچہ چند گھنٹوں میں بازیاب کروا لیا۔ سیف سٹیز اور قلعہ گجر سنگھ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سبحان نامی بچہ بازیاب کروایا ۔ گھر میں سوئے ہوئے بچے کو ملزمہ فرزانہ اٹھا کر لے گئی تھی۔ ایس پی نائٹ پٹرولنگ ارسلان زاہد نے بتایا کہ ملزمہ نے ڈھائی لاکھ روپے کے عوض بچہ فروخت کرنے کی غرض سے اغوا کیا، سیف سٹی کیمروں کی بدولت بچے کو اغوا کرنے والی خاتون کی نشاندہی ہوئی، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو حراست میں لیا اور بچہ بازیاب کروایا۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ کم سن بچے کے والدین نے چند گھنٹوں میں اپنے لخت جگر کی بازیابی پر پولیس اور سیف سٹیز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گرد و نواح کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔