اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں، حزب اللہ کا جوابی حملہ

0 101

اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی متعدد مرتبہ خلاف ورزیاں کی گئیں جس کے جواب میں حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا۔

لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا گیا ہے اسرائیلی خلاف ورزیوں کے جواب میں تنبیہہ کے طور پر کفر شوبا میں اسرائیلی فوجی اڈے پر جوابی حملہ کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 27 نومبر سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے لبنان پر 20 سے زائد حملے کئے جاچکے ہیں، جس کے سبب متعدد لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم اب پہلی مرتبہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی خلاف ورزیوں کے جواب میں حملہ کیا گیا ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ اتھارٹی اسرائیلی حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہا نہ کیے گئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنی ہوگی۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ قیمت ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ حماس نے غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کے لیے کھو سکتا ہے۔

حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کی رہائی کیلئے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے قبل بہت دیر ہوجائے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.