ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن شام کے دار الاحکومت دمشق پہنچ گئے جہاں انہوں نے نئی شامی انتظامیہ کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
ترک میڈیا کے مطابق ابراہیم قالن کا دورہ گزشتہ 13 برسوں میں کسی سینئر ترک عہدیدار کا پہلا دورہ شام ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ ابراہیم قالن گزشتہ روز دمشق میں تھے جہاں انہوں نے شامی اپوزیشن فورسز کے سربراہ ابو محمد الجولانی اور نئے شامی وزیر اعظم محمد البشیر سے ملاقاتیں کیں۔
ترک میڈیا کی جانب سے ابراہیم قالن کے تاریخی اموی مسجد کے دورے کی ویڈیو بھی نشر کی جس میں ابراہیم قالن کو سخت سکیورٹی حصار میں مسجد سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوسری جانب ترکیہ نے 12 سال بعد دمشق میں اپنے سفارت خانے میں ناظم الامور تعینات کردیا ہے۔
ترکیہ نے بشار حکومت اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے آغاز کے بعد 2012 میں شام میں اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا۔