رجب ،فضیلتوں سے لبریز ولایت کا مہینہ ہے ،آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ رجب المرجب فضیلتوں سے لبریز ولایت کا مہینہ ہے ماہ رجب خداکے نزدیک بہت زیادہ بزرگی کا حامل مہینہ ہے کوئی بھی مہینہ اس کے ہم پلہ یا فضیلت میں اس سے زیادہ نہیں اس مہینہ میں کفار سے جنگ و جدال کرنا تک جائز نہیں ہے بے شک رمضان المبارک اور شعبان المعظم کی اہمیت اپنی جگہ ہے مگر اس کے باوجود رجب المرجب میں ایک روزہ بھی رکھنے والے کو خدا کی خوشنودی نصیب ہو جاتی ہےحتیٰ کہ انسان سے خدا کا غضب بھی دور ہو جاتا ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ آگاہ رہو رجب المرجب کا مہینہ خدا کا مہینہ ہے شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے
جبکہ صادق آل محمد امام جعفرصادق علیہ السلام کا ارشادبھی روایات میں موجود ہے کہ ماہ رجب میں ایک روزہ رکھنے سے جہنم کی آگ ایک سال کی مسافت تک دور ہوجاتی ہے اورجو شخص اس ماہ میں تین دن کے روزے رکھے تو اس کے لیے جنت واجب ہوجاتی ہے۔ حتی کہ رجب المرجب کوبہشت میں ایک نہر سے بھی تشبیہہ دی گئی جس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ شیریں ہے اور جو شخص اس ماہ میں ایک دن کا روزہ رکھے تو وہ اس نہر سے سیراب ہوگا۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ بعض روایات کےمطابق رجب المرجب کو استغفار کے مہینہ سے بھی تشبیہہ دی گئی ہے پس اسی لیے اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ بخشش کی طلب کے حصول کی تاکید کی گئی ہے۔تمام مومنین کو خوشنودی محمد و آلِ محمد کو حاصل کرنے کیلئے اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ عبادات الہیہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ اس ماہ کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ اسی ماہ میں امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی اور سلسلہ امامت و ولایت کے پہلے تاجدار دنیا میں آئے یہ ایسا مہینہ ہے جس میں اہل ایمان کی روحانیت میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے اور یادِ خداوندی میں مشغول افراد کے دلوں کو پاک کر دیا جاتا ہے جو کہ قربِ الہیٰ کا باعث بھی بنتا ہے ۔یہ مہینہ اللہ کی طرف رجوع کرنے اور اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ رجب المرجب کی فضیلتیں بہت زیادہ ہیں اور یہ مہینہ عبادت، توبہ، دعا، اور اللہ کی رضا کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مومنین کو اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت اور استغفار کر کے اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ رجب المرجب کے مہینے میں جو شخص توبہ کرے گا، اللہ اس کی توبہ قبول کرے گا، اور جو شخص اس مہینے میں اللہ کی رضا کے لیے عبادت کرے گا، اللہ اس کو جنت میں داخل کرے گا بلاشبہ نعمات خداوندی سے لبریز مہینے کا نام رجب المرجب ہے۔
مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ رجب المرجب میں کئی روحانی اور معنوی پہلو ہیں جو ولایت کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں اس ماہ میں مختلف عبادات اور عبادات کی ترغیب دینے والی باتیں، اس چیز کو واضح کرتی ہیں کہ ولایت کا نظریہ اسلام کی اصل روح کے مطابق ہے، اور اس کا مرکز اللہ تعالیٰ کی رضا اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے اہل بیت علیھم السلام کی مودت ہے جس کا تذکرہ قرآن نے اس انداز میں کیا ہے کہ ارشاد خداوندی ہے قُلْ لَّاۤ اَسْــٴَـلُكُمْ عَلَیْهِ اَجْرًا اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبٰىؕ-((اے میرے رسول!) کہہ دیجیئے کہ میں تم سے اس (رسالت کے عوض) پر کوئی معاوضہ نہیں مانگتا سوا میرے قرابت داروں کی مودت کے)سورہ شوری کی آیت 23 اس بات کی دلالت کرتی ہے کہ رسول خدا (ص) کی رسالت کا اجر اہل بیت کی مودت ہے اور یہی اسلام کی اصل روح بھی ہے۔