یوم عاشورہ امام حسین ؑنے استقامت اور صبر کا لاثانی درس دیا،آیت اللہ یعقوبی

0 73

آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کی اہمیت اس لیے بہت زیادہ ہے کہ یہ عظیم تر قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یوم عاشورہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں اللہ کی راہ میں جان دیکر استقامت اور صبر کا لاثانی درس دیا۔ یہ دن ایسا دن ہے جس دن آدم سے خاتم تک کی تاریخ اور مقصد کو عملی نمونہ کی شکل میں کامیابی کی منزل تک پہنچایا گیا۔ اس جنگ میں امام حسین علیہ السلام نے ظلم اور جبر کے خلاف آواز بلند کی اور اپنی اور اپنے جانثاروں کی قربانی دے کر اہل اسلام کو سچائی اور عدل کا راستہ دکھایا۔

آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) نے کہا ہے کہ کربلا کی یہ جنگ محض ایک جنگ نہیں تھی، بلکہ یہ دین اسلام کا حقیقی دفاع تھا۔محرم الحرام کا مہینہ اور اسلامی روایات محرم الحرام میں تمام مسلمانوں میں خاص دینی جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ محبان اہلبیتؑ اس مہینے میں عزاداری کی تقریبات منعقد کرتے ہیں اور اُسی انداز میں سوگ مناتے ہیں جس کا آئمہ طاہرین علیھم السلام نے حکم دیا کیونکہ عزاداری ایک ایسا ذریعہ جس کے باعث پیغامِ دینِ حق پہنچانے میں مدد ملتی ہے مجالس میں فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام بیان کرنا ہر خطیب اور ذاکر کیلئے از حد ضروری ہے۔

آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور اُن نے جانثاروں کی شہادت صرف ایک وقت کی قربانی تک محدود نہیں تھی، بلکہ قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے ایک رہنما اُصول بنا دیا گیا ہے کہ حق کے ساتھ چاہے تعداد کم ہو تب بھی تم کو حق کا ساتھ ہی دینا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے خلاف جس انداز میں علم بلند کیا اور اپنی اور اپنے جانثاروں کی قربانی دی اس کیلئے سچائی، انصاف، اور دین اسلام کی اصل روح کو سمجھنا از حد ضروری ہے۔ ان کی قربانی ہمیں بتاتی ہے کہ کبھی بھی ظالم کے سامنے جھکنا نہیں چاہیے، چاہے حق کا ساتھ دینے والوں کی تعداد بہت ہی کم ہو چاہے سامنے کتنی ہی مشکلات کیوں نہ کھڑی ہوں۔

آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ اس مہینے میں مسلمان اپنے مختلف فرقوں اور مذاہب سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ عزاداری کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ ہم سب حسینؑ کے طرفدار ہیں یزید ایک فاسق تھا جو مٹ گیا۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی اور ان کے پیغام کو یاد رکھنا صرف تاریخ کا حصہ نہیں، بلکہ ہماری زندگی کا حصہ بننا چاہیے تاکہ ہم اپنی زندگیوں میں انصاف، سچائی اور محبت کے اصولوں کو اپنائیں۔

آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) نے کہا ہے کہ آج پھر سے ایک دور کا آٖغاز ہوا چاہتا ہے جہاں ہم حالت جنگ میں ہیں اور وقت قربانی کا متقاضی ہے ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ مضبوطی سے تھامنا ہے اور آپس میں اتحاد و یگانگت کو پروان چڑھانا ہے اور ایک آواز ہو کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے ۔ امام حسینؑ نے اسی بات کا تو درس دیا ہے اگر تمام مسلمان حسینؑ کے ماننے والے ہیں تو حسینی ہونے کا ثبوت دیں اور دشمن کو مشن میں کامیابی سے روکنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.