غزہ: سرنگ میں ہونیوالے دھماکے سے 2 اسرائیلی فوجی ہلاک، 2 زخمی

0 7

اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ میں 2 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ہفتے کے روز ایک سرنگ کے دہانے پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ اہلکار فوج کے ایلیٹ ’یہالوم‘ انجینیئرنگ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور گولانی بریگیڈ کے ماتحت کام کررہے تھے۔

اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اہلکار ایک عمارت کے اندر سرنگ کے داخلی راستے کا معائنہ کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اب بڑھ کر 416 ہو گئی ہے۔

کل ہونے والے ایک اور واقعے میں شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی یروشلم بریگیڈ سے تعلق رکھنے والا ایک ریزرو فوجی شدید زخمی ہو گیا، فوج کے مطابق اس کے زخمی ہونے کے واقعے کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

ہفتے کے ہی روز غزہ شہر کے مشرق میں ایک اسرائیلی فوجی کیمپ میں ہونے والے دھماکے میں 401 آرمرڈ بریگیڈ کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکا ایک ٹینک کا گولا وقت سے پہلے پھٹنے کے سبب ہوا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.