نگران حکومت کے اختیارات بڑھانے کی کوشش ناکام ہو گئی

ارکان پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی منظوری سے انکارکردیا

0 63

اسلام آباد(شوریٰ نیوز) نگران حکومت کے اختیارات بڑھانے کی کوشش ناکام ہو گئی، ارکان پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی منظوری سے انکارکردیا، حکومت نے نگراں سیٹ اَپ کو مزید اختیارات دینے کے لیے ارکان کو اعتماد میں لیے بغیر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ میں مزید ترامیم پیش کردیں جس پر اتحادی اور اپوزیشن ارکان برہم ہوگئے اور اعتماد میں لیے بغیر ترامیم منظور کرنے سے صاف انکار کردیا۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں الیکشن ایکٹ میں مزید ترامیم پیش کی گئیں جس کی کاپی ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی۔دستاویز کے مطابق حکومت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021ء میں مزید ترامیم کا فیصلہ کیا ہے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021ء میں شامل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ کی شق کو مشترکہ اجلاس سے مسترد کرانے اور بل میں اضافی ترامیم شامل کر کے قانون سازی کی کوشش کی جارہی ہے۔بل میں کچھ شقیں ایسی ہیں جن کے ذریعے نگراں حکومت کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہوسکے گی اور اس کے اختیارات میں اضافہ ہوسکے گا۔ایوان میں بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سے متعلق آج قانون سازی کی جارہی ہے جس پر ارکان برہم ہوگئے اور اعتماد میں لیے بغیر کسی بھی قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے آج ہونے والی قانون سازی پر اعتراض اٹھادیا اور حکومت کی طرف سے قانون سازی کے اس طریقہ کار پر برس پڑے۔ آج کچھ قانون سازی کی بازگشت ہے اور کوئی سپلیمنٹری ایجنڈا لایا جائے گا، ایسا لگتا ہے کہ مشترکہ اجلاس کو بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی طرح ربڑ اسٹیمپ بنانا چاہتے ہیں، جو قانون سازی کی جانی ہے وہ بل مسودہ کی صورت میں ہمارے پاس نہیں ہے، آپ ایسے کھیل کا حصہ نہ بنیں جس سے مشترکہ اجلاس یا پارلیمنٹ بلڈوز ہو اس طرح مت کریں پارلیمنٹ کو مضبوط بنایا جائے۔ بلز کی کاپیاں ایک دن قبل ارکان کو دینا رول آٹھ کا تقاضا ہے، جب تک ترامیم کی کاپی نہیں ملے گی تو پچھلے بل سے موازنہ کرکے کیسے جانچا جائے گا؟ اسپیکر صاحب ایسی قانون سازی کی اجازت نہ دیں، اگر آپ نے یہ قانون سازی ہونے دی تو ان قوتوں کے مقاصد پورے کریں گے جو پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنا چاہتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.