پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے وفاقی حکومت سے پنجاب اور اسلام آباد میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صدر مملکت آصف زرداری نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے ارکان نے ن لیگ کےخلاف شکایات کے انبار لگا دیے اور کہا کہ مسلم لیگ ن کسی بھی فیصلے پر اعتماد نہیں لے رہی اور قانون سازی پر بھی اعتمادمیں نہیں لیا جاتا۔
اعلامیے کے مطابق سی ای سی نے گورنرخیبرپختونخوا کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی کاوش کو سراہا اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی تجاویز کی توثیق کی۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس نے قرارداد میں کُرم کی کشیدہ صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اے پی سی کی تجاویز پرعمل درآمد کریں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی پی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں برقرار رہیں گی اور اس سلسلے میں صدر آصف زرداری اپنی آئینی ذمے داریاں ادا کرتے رہیں گے۔