پشتونخواملی عوامی پارٹی کی جڑانوالہ سانئحہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہارخان ودان ، صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی ، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان اورضلع کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹری و سابق رکن صوبائی اسمبلی ولیم جان برکت نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گزشتہ روز صوبہ پنجاب ضلع فیصل آباد کے تحصیل جڑانوالہ میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور مسیحی برادری کے گرجاگروں اور درجنوں گھروں کو نذرآتش کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی
اُن کا کہنا تھا کہ مرکزی وصوبائی نگران حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ واقعہ کی اعلیٰ عدالتوں کے ذریعے جوڈیشل کمیشن بناکر صاف اور شفاف انکوائری کی جائے اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور تمام حقائق کو تحقیقات کے بعد عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام مذاہب اور ان کے مقدس کتابوں ، عبادت گاہوں کا تقدس مسلمہ ہیں اور کسی کو بھی ان کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعات کے بعد عوام کے جان ومال ، عبادت گاہوں ، گھروں واملاک کا تحفظ حکومتی ذمہ داری تھی لیکن پولیس کی موجودگی میں یہ سارے واقعات وقوع پذیر ہوتے رہے اور حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصل آباد جڑانوالہ میں جس بربریت ولاقانونیت کا مظاہرہ کیا گیا یہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی تمام مذاہب ، ان کے مقدس کتابوں ، عقیدوں ، عبادت گاہوں کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے اور اس کا تحفظ معاشرے کے تمام سنجیدہ اور باشعور افراد کی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بناکر ان واقعات کی تحقیق کی جائے اور مستقبل میں ایسے اندوھناک واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس قانونی اقدامات ناگزیر ہے.