چیف ایگزیکٹو لیسکو کا ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حکم
لیسکو ہیڈ کوارٹر میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس ہوا جس میں چیف انجینئر میٹریل مینجمنٹ رمضان بٹ، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے محمد اصغر، چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران،ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب ، چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن سرور مغل،راجہ محمود، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی محمد ظفر ،چیف انجینئر پلاننگ عمران محمود، ڈائریکٹر سیفٹی فواد خالد اور ڈپٹی منیجر سیکیورٹی میجر (ر) عثمان عزیر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو لیسکو نے خراب میٹر ورانٹی کلیم کرانے کے لیے واپس کمپنیوں کو نہ بھیجنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ خراب میٹر کمپنیوں کو واپس نہ بھجوانے والے افسر کا تعین کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے، ادارے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ایسے افسران کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیا جائے، لاپرواہی کے مرتب ایس ڈی او اور لائن سپریٹنڈنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
انجینئر شاہد حیدر نے کہا کہ ادارے میں باصلاحیت لوگ بھرتی کیے گئے ہیں، نئے آنے والے افسران کو ہر صورت بہترین تربیت فراہم کی جائے اور دفاتر کے ماحول کو بہتر کیا جائے تاکہ نئے آنے والے افسران اچھے ماحول میں کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم آئی کے عمل کو تیز سے تیز تر کیا جائے ، اعلیٰ افسران خود سرکل کا دورہ کریں اور عملے کی حوصلہ افزائی کریں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ لائن لاسز کو تکنیکی طریقوں سے کم کیا جائے اور ارتھنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، حفاظتی نظام کو بہتر بنانے میں کو کسر نہ چھوڑی جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر فالو اپ لیا جائے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور ٹیکنیکل لائن لاسز کو کم کیا جائے.