پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے ہی شہریوں کے خون پر سیاست کر رہی ہے، ہم پہلگام واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، انہیں انصاف دلانے کی بات کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی سرحد پار کی تو یہ اس کی تاریخی بھول ہوگی۔ پورا پاکستان اپنی بہادر افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جس طرح کی جارحیت ہوگی، اسی طرح کا منہ توڑ جواب ملے گا۔
دوست ممالک سمیت پوری دنیا جان چکی ہے کہ امن کا دشمن اور دہشت گردوں کا سرپرست بھارت ہے، ہم امن کے داعی ضرور ہیں مگر جنگ مسلط کی گئی تو انجام بھارت خود لکھے گا، اللہ کے کرم سے، اللہ کے فضل سے دشمن کا غرور خاک میں ملانے کو تیار ہیں۔