پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ نریندر مودی کو سندھو کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھو پر حملہ ہوگا تو پھر یا تو سندھو سے پانی بہےگا یا اُن کا خون بہےگا۔
میرپورخاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے طےکیا کہ دریائے سندھ پر نیا کینال نہیں بننے دیں گے، صدر زرداری نے وعدہ کیا جس صوبے کا پانی ہے وہ اسی کا ہوگا،سیاسی یتیموں نے صدر زرداری کے خلاف آواز اٹھائی، صدر زرداری کی آواز سن کر پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اپنا احتجاج تیز کیا، ہمارا مشن تھا کہ سندھو کو بچانا ہے، ہم نے مل کر سندھو بچایا ہے، پرامن طریقے سے بات پر قائل کرنا یہی سیاست ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب کسی اور نے ہمارے سندھو پر ڈاکہ مارا ہے، اس کا نام ہے مودی،گجرات کا قصائی۔پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے اعلان کیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو نہیں مانتا، اب جب بین الاقوامی سطح پر سندھو خطرے میں ہے تو آپ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت پہلگام واقعے کے ثبوت ہمیں دے، یہ واقعہ حملے کے لیے ایک بہانہ ہے، بھارت خودکو جمہوریت پسند کہتا ہے، ہم ثابت کردیں گے کہ یہ جمہوریت پسند نہیں یہ انتہا پسند ہیں، اگر بھارت کے پاس ثبوت ہےکہ کوئی اس میں ملوث تھا تو ثبوت دے ؟ ہمیں ثبوت دو، عوام کو بتاو، ہم اس کو میرپورخاص میں پھانسی دیں گے، ہمیں نظر آ رہا ہے، دہشت گردی اور حملہ بہانہ ہے، اصل نشانہ ہمارا سندھو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت پرامن ملک نہیں، جنگ چھیڑنے والا ملک ہے، مودی کا مقابلہ کرنا پڑےگا، سندھو کو بچانا پڑےگا، ہم جنگ نہیں چاہتے،لیکن آخری دم تک مقابلہ کریں گے، ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔