بجلی کی پیداوار کیلئے فری مارکیٹ قائم کی جائے گی، نرخ مزید کم ہونگے، وزیراعظم

0 2

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں عنقریب بجلی کی پیداوار کے لیے فری مارکیٹ قائم کی جائے گی، بجلی کے نرخ مزید کم ہوں گے اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر نا قابل قبول ہے۔

وزیر اعظم نے ملک میں بجلی کے نرخوں میں کمی اور توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے حوالے سے IGCEP 2024-2034 (Integrated Generation Capacity Expansion Plan) کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مہنگے منصوبوں کو پلان سے نکالنے ، تکمیل کی تاریخوں میں ردوبدل سے 17 ارب ڈالر (4743ارب روپے )کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے وافر ذخیرے کا مؤثر نظام قائم کرنے کے لیے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مارکیٹ کے قیام سے مسابقتی بنیاد پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی جو کہ بجلی کی پائیدار فراہمی اور نرخوں میں مزید کمی کا باعث بنے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر جب IGCEP کا دوبارہ جائزہ لیا گیا تو یہ بات آشکار ہوئی کہ اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے،کُل 7967 میگا واٹ کے مہنگے منصوبوں کو بجلی کی پیدوار کے منصوبے (IGCEP) سے نکالا جا رہا ہے۔ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کی تاریخوں میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.