وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر ہونے والے واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو بھارت تباہ ہو جائے گا۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا پاکستان میں اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں، پاکستان میں ہمیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا ہندو دھرم دوسرے مذہب کا احترام کرنا سکھاتا ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ڈراما فلاپ ہو گیا ہے، مودی نے ہمیشہ انتخابات میں مذہب کو نشانہ بنایا۔
کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا پاکستان کی تمام اقلیتیں اپنی افواج کے لیے دعا کرتی ہیں، جنونی مودی کو شکست دیں گے، اگر جنگ ہوئی تو بھارت تباہ ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، پاکستان نے ناصرف واقعے کی مذمت کی بلکہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کرنے کی پیشکش بھی کی لیکن بھارت نے بغیر کسی تحقیق اور شواہد کے چند ہی گھنٹوں میں الزام پاکستان پر دھرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کر دیا۔