وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سمیت برادر ممالک خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی پر سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے بےبنیاد بھارتی الزامات یکسر مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سمیت برادر ممالک خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، پاکستان کی کامیابیاں خطرے میں ڈالنے اور اقتصادی ترقی کی راہ سےہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، پاکستان نے گزشتہ برسوں میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔