مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے موجودہ صورتحال میں ایمرجنسی ہیلتھ رسپانس سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں حالیہ بھارتی حملوں کے تناظر میں پیدا صورتحال سے نمٹنے کے لیے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مرکزی ایمرجینسی رسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا جب کہ مرکزی رسپانس سینٹر صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ایمرجنسی ہیلتھ رسپانس سینٹر قائم کرنے کی بھی ہدایات کی گئی ہے۔
اس موقع پر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ایل او سی پر شہید اور زخمی افراد کے ورثا کی مدد کی جائے، لائن آف کنٹرول پر تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت میں مال مویشی، مکانات کے نقصان کا ڈیٹا اکٹھا اور ادویات سمیت عملہ کی کمی کو 24 گھنٹے میں پورا کیا جائے گا۔
پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد بھی شہید ہوئیں۔
بھارت کے حملوں کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید اور 46 افراد زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور 2 ڈرون تباہ کر دیے جب کہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔