بھارت ناصرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

0 11

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے گزشتہ رات بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ناکام بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لاہور، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، چھور، میانو، گوجرانوالہ اور کراچی کے قریب 25 مقامات پر اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاکستان نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے تباہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے، اسرائیلی ساختہ ڈرون سوفٹ کِل اور ہارڈ کِل ہتھاروں سےگرائے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لاہور میں پاک فوج کے 4 افسران زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ایک سویلین شہری شہید ہوا، اس کے علاوہ تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا 6 اور 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی جس کا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہندوستان عقلمندی کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، بھارت کو رات گئے کیے گئے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ہم اس قسم کی جارحیت کو ناصرف قابو پانے کا عزم رکھتے ہیں بلکہ اس پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیان شب بھارت نے آزاد کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی اور باغ سمیت مریدکے اور شگر گڑھ میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے 31 پاکستانیوں کو شہید اور 57 کو زخمی کیا۔

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 5 طیاروں کو تباہ کیا، پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.