بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ پر 6 ڈرون حملےکیے جسے ناکام بنایا، ڈی جی آئی ایس پی آر

0 3

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے 6 ڈرون سے ننکانہ صاحب پر حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کو پریس بریفنگ میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاکستان پر حملے کے وقت 57 مسافر طیارے فضا میں تھے، بھارت نے ائیرلائنز کے مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، بھارتی حملوں میں 2 سال کی بچی نشانہ بنی اور بھارتی میڈیا اس پر جشن منارہا ہے،ہم جوابی کارروائی میں صرف بھارتی فوج کی پوسٹوں کو نشانہ بنارہے ہیں، ہم بھارتی فوج کے ان پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہیں جہاں سے پاکستان پر فائرنگ ہو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملےکیے جا رہے ہیں، بھارت میں کھلے عام مسلمانوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گردوں کو معاونت فراہم کر رہا ہے، بھارت نے غیرجانبدار سوشل میڈیا اکاؤنٹس بندکردیے، ہر کچھ سال بعد بھارت ایک جھوٹی کہانی بنا کر بیانیہ بنانا شروع کردیتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جعلی انکاؤنٹرز بھارتی قابض فوج کا معمول ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ،امریکا ،کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا اسپانسر ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان میں حملوں کے لیے دہشت گردوں کو بھارت سے ٹاسک دیے جاتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکار ان دہشت گردوں کو کارروائی کے لیے ٹاسک دیتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان کمیونیکشن کے ثبوت موجود ہیں۔

بھارتی میڈیا جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نےکل پاکستان پر لانگ رینج میزائلوں سے حملہ کیا، بھارتی میڈیا جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے، برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر نے نماز جنازہ پڑھانے والے پر جھوٹا الزام لگایا، بھارتی حکومت کہہ رہی ہےکہ نماز جنازہ پڑھانے والا مارا گیا ہے، برکھادت جیسی بھارتی صحافی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جھوٹی خبریں نشر ہوئیں، عالمی میڈیا بھارتی میڈیا کی خبروں سےمتعلق تحقیقات کرلیا کرے۔

ہم ایل او سی پر بھارتی فوجی ٹھکانوں کونشانہ بنارہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں میں 33 پاکستانی شہری شہید اور 62 افراد زخمی ہوئے، بھارت کشمیر کے معاملے کو اندرونی مسئلہ بتارہا ہے، بھارت نےایل او سی پر کشمیرمیں شہری علاقوں کونشانہ بنایا، بھارت آزاد کشمیر میں صرف شہریوں کو نشانہ بنارہاہے، ہم ایل او سی پر بھارت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہم ایل او سی پر صرف ملٹری پوسٹس کو نشانہ بناتے ہیں، ہم نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا، پہلگام اور اس کے بعد بھارت کی کارروائیاں ہمارے انسداد دہشت گردی آپریشن کو متاثرکرنےکے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے تمام آزاد میڈیا کو اپنے ہاں بند کردیا، ہم یہ اجازت نہیں دیں گے آپ کچھ عرصے بعد ایک کہانی گھڑیں، ہمیں بھارت کے اسٹیٹ کنٹرولڈ میڈیا کی ضرورت نہیں ہے، بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اگر بھارت کہتا ہے تو اس کے لیے آزادانہ انکوائری کرالے، ہم کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی حمایت نہیں کرتے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ان کا اپنا نظریہ ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری دیوار ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.