راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارت نے اپنے ہی ملک میں 6 بیلسٹک میزائل گرا دیے ہیں، بھارت اپنے ہی ملک میں سکھوں کی آبادیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے مختصر پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے آدم پور سے 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے جس میں 5 میزائل بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں اور ایک آدم پور میں ہی گرا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی حرکت بہت حیران کن ہے،بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہورہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے۔
6 بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے الیکٹرانک سگنیچر موجود ہیں: سکیورٹی ذرائع
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاس بھارتی پنجاب میں امرتسر اور آدم پور کے علاقوں میں 6 بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے الیکٹرانک سگنیچر موجود ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سکھوں کے درمیان پاکستان کے خلاف نفرت پیدا کرنا چاہتا ہے، اپنے لوگوں پر بیلسٹک میزائل گر اکر بھارت دنیا کو یہ جھوٹ بیچنا چاہتا ہے کہ میزائل پاکستان نے فائرکیے۔
بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی
اس سے قبل جمعہ کو بین الاقوامی میڈیا کو پریس بریفنگ میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارت نے 6 ڈرون سے ننکانہ صاحب پر حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملےکیے جا رہے ہیں، بھارت میں کھلے عام مسلمانوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ،امریکا ،کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا اسپانسر ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان میں حملوں کے لیے دہشت گردوں کو بھارت سے ٹاسک دیے جاتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکار ان دہشت گردوں کو کارروائی کے لیے ٹاسک دیتے ہیں، بھارتی فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان کمیونیکشن کے ثبوت موجود ہیں۔