اسپیشل جج سینٹرل نے بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی نظرثانی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کروانے اور میڈیکل چیک اپ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے کال پر بات کروانے سے متعلق عدالت کے دیے گئے فیصلے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے نظرثانی کی درخواست بھی مسترد کردی۔
اس کے علاوہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج سے چیک اپ بھی کرانے کا حکم جاری کردیا۔
جج شاہ رخ ارجمند نے فیصلہ دیا کہ 10 جنوری ، 28 جنوری اور 3 فروری کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں، عدالت نے تمام حقائق کو دیکھنے کے بعد ہی آرڈر کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے عمران خان کی بچوں سے بات کرانے اور ان کے میڈیکل چیک اپ کا حکم جاری کیا تھا۔