پاکستان نے بھارت میں ایٹمی تنصیبات اور مواد کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے پاکستانی ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی اور کہا یہ غیر ذمہ دارانہ بیان بھارتی عدم تحفظ اور ناکام دفاعی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت بھارت کی جارحیت کو روکنے کے لیے کافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے شہر دہرہ دون میں 5 افراد کے قبضے سے ایٹمی مواد برآمد ہوا اور گزشتہ برس بھارت میں 100 ملین ڈالر مالیت کا تابکاری مواد ’کالیفورنیم‘ برآمد ہوا جب کہ 2021 میں بھی بھارت میں تابکار مواد کی چوری کے تین واقعات رپورٹ ہوئے، تابکار مواد کی چوری کے واقعات بھارت میں ایٹمی مواد کے کالے بازار کی نشاندہی کرتے ہیں۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں ایٹمی تنصیبات اور مواد کی سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے۔