تاجر ایکشن کمیٹی کی کال پر اولڈ سٹی ایریا کی تمام مرکزی اور بڑی مارکیٹیں مکمل بند رہیں، ان میں اجناس کی سب بڑی مارکیٹ جوڑیا بازار، کپڑا مارکیٹ، پان منڈی، ایم اے جناح روڈ لائٹ ہاؤس مارکیٹ شامل ہیں۔
لائٹ ہاؤس مارکیٹ میں تاجروں نے کے الیکٹرک اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی، شٹرڈاؤن کے باعث بوہری بازار، الیکٹرانکس مارکیٹ، کوآپریٹیو مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، صدر ایمپریس مارکیٹ، گل پلازہ، میڈیسن مارکیٹ، جامع کلاتھ آرام فرنیچر مارکیٹ بند رہی۔
اسی طرح لیاقت آباد، حیدری، طارق روڈ ، بہادرآباد ، کریم آباد، گلستان جوہر، گلبہار سینٹری مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ اور خالد بن ولید روڈ کی کار شوروم مارکیٹس اور واٹر پمپ کے بازار بھی بند رہے۔
ہڑتال کی کال پر کھارادر، ٹاور، عید گاہ، اردو بازار، موتن داس مارکیٹ، برنس روڈ ، اکبر روڈ موٹرسائیکل اور اسپئیر پارٹس مارکیٹ بھی بند رہی۔
چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ تاجرانِ پاکستان عوام کے حقوق کی بھی جنگ لڑرہے ہیں، عوام سے بھی اپیل ہے کہ تاجروں کی جدوجہد میں شریک ہوں، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے مصنوعی رجحان کو بھی روکنا ہوگا ۔