لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خضدار کے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت نہیں، پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں کیلئے تنگ ہو جائے گی، فیٹف پر بھی بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی بجٹ بڑھانے کی ضرورت ہے، دفاعی بجٹ بڑھانے پر بار بار غور ہوا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی یہی کہا ہے عوام پر بوجھ ڈالے بغیر دفاعی بجٹ کو بڑھایا جائے۔
مشیر وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل ٹیبل پر ہوتا ہے، جلاؤ گھیراؤ سے نہیں، وزیر اعظم 2 بار پی ٹی آئی کو ہر ایشو پر مذاکرات کی آفر کر چکے ہیں، پی ٹی آئی نے دوبارہ پرتشدد احتجاج کیا تو اس کی اجازت نہیں دیں گے۔