نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بجلی ایسا مسئلہ نہیں جس پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے اور ہمیں اس طبقے سے بہت ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ ہے۔
نجی نیوز کے پروگرام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رات کو دکانیں جلد بند کرنے سے متعلق فیصلہ صوبوں کو اعتماد میں لے کر کریں گے۔
فیصلے کا نفاذ جلد نظر آئے گا، بجلی معاملے پر جلدی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، ہم ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جو بعد میں واپس لینا پڑے، ٹیم اس مسئلے کے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حل تجویز کرے گی۔
بجلی ایسا مسئلہ نہیں جس پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے، ہمیں اس طبقے سے بہت ہمدردی ہے جس پر بجلی بلوں کا بہت بوجھ ہے۔ ٹیکسوں کا ناہموار نظام بجلی کے زائد بلوں کی وجہ سے ہے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت کام طفل تسلیاں دینا نہیں، بجلی بلوں میں اضافے کے ذمہ داران کا تعین تو ہوگا سو ہوگا لیکن سوال یہ ہے کہ آج ان بجلی بلوں کے مسئلے کا حل کیا ہے؟ بجلی کے زائد بلوں میں ٹیکسوں کا ناہموار نظام بھی اس مسئلے کی نشاندہی کررہا ہے اورکسی نے ٹیکس کے اس ناہموار نظام کی توجہ ہی نہیں دی۔