شدیدگرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سےکراچی کے شہری عاجز آگئے، شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کے لیے سانس لینا محال ہوگیا ہے۔
کے الیکٹرک کا لوڈشیڈنگ شیڈول خود بھی اس صورتِ حال کی گواہی دے رہا ہے مگر ترجمان کا مؤقف ہے کہ شہر میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔
کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ شیڈول سے پتا چلتا ہےکہ 2127 میں سے 651 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جن میں سے 496 فیڈرز پر روزانہ 10 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے، یعنی شہر کا تقریباً 23 فیصد حصہ روزانہ 10 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کا شکار ہے۔
لیکن یہ تو کے الیکٹرک شیڈول کے اعدادوشمار ہیں۔ دوسری جانب ملیر، کیماڑی، لیاقت آباد، نیوکراچی، سرجانی اور اولڈ سٹی ایریا کے مکین کہتے ہیں کہ انہیں ہر روز 12 سے 14 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کاسامنا ہے۔
لائنز ایریا، قائدآباد، ماڑی پور، ہاکس بے اور اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی وقت طے ہی نہیں ہے، متعدد علاقوں میں مینٹیننس کے نام پر بجلی پورے دن کے لیے غائب کردی جاتی ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ شہر میں کوئی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، علاقائی فالٹس کو لوڈشیڈنگ کہنا درست نہیں ہے۔