پولیس کی رحیم یار خان، راجن پور میں کارروائی؛ اغوا کیے گئے 2مغوی اور بچہ بازیاب

0 14

راجن پور پولیس نے تھانہ شاہوالی کے علاقے میں چند روز قبل ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے والے 2 مغوی برکت علی اور ساجد حسین کو بازیاب کروا لیا۔

پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور پولیس کی جانب سے کچہ کریمنلز کے خلاف تھانہ شاہوالی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شاہوالی پولیس نے کچہ ایریا کے اغواکاروں کے ٹھکانوں پر ریڈ کیا۔ راجن پور پولیس اور کچہ کریمنلز کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کچہ کریمنلز مغویوں کو چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی پر ورثاء نے پولیس سے اظہار تشکر کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی بحفاظت بازیاب کروانے پر ڈی پی او فاروق امجد اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

ڈی پی او فاروق امجد کے مطابق پولیس کا کچہ کریمنلز کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، کچہ کریمنلز سادہ لوح لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کر کے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ سستی اشیاء، شادی یا گاڑیوں کے لین دین کے لیے کچہ ایریا میں آنے سے گریز کریں۔

دوسری جانب، پنجاب پولیس رحیم یار خان نے ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں کچہ میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 سالہ مغوی بچہ زین بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق رحیم یار خان پولیس اور کچہ کریمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس پر ملزمان پسپائی اختیار کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں، اے ایس پی انعام اللہ اور پولیس ٹیم بازیاب کیے گئے تین سالہ زین کو لے کر اس کے گھر پہنچ گئی۔ بچے کو ورثاء کے حوالے کیا گیا جس پر بچے کی والدہ، ورثا اور اہل علاقہ نے پولیس کو دعائیں دی اور زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے 3 سالہ زین کی بازیابی کا چیلنج قبول کیا اللہ نے سرخرو کیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان پولیس کی موثر کارروائی پر بچے کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ بچے کی بازیابی کے لیے پولیس ٹیمز نے دن رات کام کیا، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کم سن بچے کی بازیابی پر ڈی پی او رحیم یار خان اور ٹیم کو شاباش دی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.